ساتھی فنکاروں کو ہتک عزت نوٹس، فہد مرزا کا فیروز خان پر اظہار برہمی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے ساتھی فنکاروں کی جانب سے تنقید اور جھوٹے الزامات عائد کئے جانے کیخلاف انہیں ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تو ماڈل و اداکار ڈاکٹر فہد مرزا فیروز خان پر برس پڑے۔
گزشتہ روز اداکار فیروز خان نے اپنی سابقہ اہلیہ علیزے سمیت 10 ساتھی فنکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا جن ثروت گیلانی بھی شامل ہیں۔

فیروز خان نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے پوسٹ شیئر کی جس میں چند دستاویزات کی تصاویر بھی شامل تھیں
ان دستاویزات میں ساتھی فنکاروں کی حساس معلومات بھی واضح ہو رہی تھی جس کی نشاندہی کرتے ہوئے فہد مرزا نے اداکار پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں اس معاملے میں کچھ کہنا نہیں چاہتا تھا لیکن فیروز نے ساتھی فنکاروں کی نجی معلومات ظاہر کرکے بہت بڑی بیوقوفی اور انتقامی رویے کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ فیروز خان کی جانب سے اس بیوقوفانہ حرکت سے یہ ہی ظاہر ہوتا ہے کہ ان پر لگائے گئے تمام الزامات سچ تھے۔

واضح رہے کہ فیروز خان کی جانب سے دستاویزات سوشل میڈیا پر شیئر کئے جانے کے چند منٹ بعد ہٹا دی گئی تھیں تاہم یہ معلومات مختلف سوشل میڈیا پیجز پر گھنٹوں وائرل ہوتی رہیں۔