حکومت کشمیر کا مقدمہ ہار چکی

مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حقیقت تو یہ ہے کہ موجودہ حکومت کشمیر کا مقدمہ ہار چکی ہے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ داخلی مسائل میں اضافے کے ساتھ ساتھ بیرونی خطرات بڑھ رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ موجودہ حکومت کشمیر کا مقدمہ ہار چکی ہےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل میں واقعات سے ان کے خدشات اور تحفظات کی تصدیق ہورہی ہے۔
قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ خوف مشکل حالات سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی اور حماقتوں سے ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلم لیگ ن کی ذمے داریوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی اقتصادیات نے قومی سلامتی کے لیے نئے چیلنجز کھڑے کردیئے ہیں، ملک و قوم کو درپیش مسائل اور گمبھیر ہورہے ہیں، مشکلات میں قوم کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔
شہباز شریف نے استفسار کیا کہ پولیو اور ڈینگی سے عوام کی حفاظت نہ کرپانے والے حکمران دیگر بڑے مسائل اور نازک قومی مفادات کا تحفظ کیسے کریں گے؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی کی قیادت میں ملکی معیشت تباہ ہوگئی اور کاروباری برادری کا اعتماد ختم ہوچکا ہے، بیرونی سرمایہ کاری تو ایک طرف مقامی کاروباری صورتحال بھی دگرگوں ہے