بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین کے لئے ج 300 خیمے فوری روانہ

     کراچی ( 29 ستمبر ) صوبائی وزیر برائے محکمہ بحالی فراز ڈیرو نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین کے لئے جذبہ خیر سگالی کے تحت امدادی سامان کی ترسیل کے احکامات ملنے کے بعد ابتدائی طور پر 300 خیمے فوری روانہ کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ہو یا آزاد کشمیر کے عوام ہوں سندھ کے عوام کے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام کی اس مصیبت کی گھڑی میں سندھ حکومت اور عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا صوبہ سندھ ہمیشہ سے بڑا میزبان رہا ہے۔اور شہید ذوالفقارعلی بھٹو ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے بھی ہر فورم پر آواز بلند کی ہے ، اس کی تاریخ گواہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی کارروائی جاری رکھے گی۔صوبائی وزیر فراز ڈیرو نے پی ڈی ایم اے سندھ کو مزید احکامات دیتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کی انتظامیہ سے رابطے میں رہے۔اور زلزلہ متاثرین کی جلد بحالی کے لئے ا پنا کردار ادا کرے۔
ہینڈ آوٹ نمبر ۔۔886