پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہاہے کہ لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ اورہیلتھ پروفیشنلز نے اپنی مثبت روایت پر عمل کرتے ہوئے مریضوں کی خدمت میں 2022کے دوران بھی امتیازی پوزیشن بر قرار رکھی اورسالانہ اعداد و شمار کے مطابق ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پرساڑھے23لاکھ سے زائد افراد کو بغیر پرچی فیس کے علاج معالجہ وتشخیصی سہولیات فراہم کیں جبکہ صاحب ثروت اور مخیر حضرات کے تعاون سے مریضوں و تیمارداروں کوتینوں وقت کا معیاری کھانا بھی مہیا کیا گیا

لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہاہے کہ لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ اورہیلتھ پروفیشنلز نے اپنی مثبت روایت پر عمل کرتے ہوئے مریضوں کی خدمت میں 2022کے دوران بھی امتیازی پوزیشن بر قرار رکھی اورسالانہ اعداد و شمار کے مطابق ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پرساڑھے23لاکھ سے زائد افراد کو بغیر پرچی فیس کے علاج معالجہ وتشخیصی سہولیات فراہم کیں جبکہ صاحب ثروت اور مخیر حضرات کے تعاون سے مریضوں و تیمارداروں کوتینوں وقت کا معیاری کھانا بھی مہیا کیا گیا۔علاوہ ازیں گزشتہ سال لیبر روم ایمرجنسی میں پیدا ہونے والے تقریباً10ہزار بچوں کی ویکسی نیشن یقینی بنا کر انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی جو ایک ریکارڈ ہے۔ اس امر کا انکشاف پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے اجراء اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رمضان بی بی،ڈاکٹر جعفر شاہ اور ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔پروفیسرالفرید ظفر نے کہا کہ2022لاہور جنرل ہسپتال کے لئے ترقیاتی کاموں کا سال رہا جس کے دوران خواتین کو چھاتی کے کینسر سے محفوظ رکھنے کے علاوہ آؤٹ ڈور میں بریسٹ کلینک قائم کیا گیا جبکہ سینٹرل ریسرچ لیب میں سکریننگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ مزید برآں امراض چشم اور گائنا کالوجی کے شعبے میں پہلی مرتبہ مریضوں کو ڈاکٹروں سے معائنے کے لئے وقت لینے کی سہولت آن لائن فراہم کی گئی ہے تاکہ مریضوں کا وقت بچے اور انہیں انتظار کی زحمت بھی نہ اٹھانا پڑے اور وہ وقت مقررہ پر متعلقہ شعبہ میں پہنچ کر اپنا طبی معائنہ و رہنمائی حاصل کر سکیں۔
پروفیسرالفرید ظفرنے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی جی ایم آئی، امیر الدین میڈیکل کالج، نرسنگ کالج اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول طبی تعلیم کے فروغ کے ساتھ ایل جی ایچ میں عوامی خدمت کی روایت کو مزید مستحکم بنائے گا اور بیماریوں کی روک تھام میں بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ہیلتھ کلینڈر کے مطابق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے پبلک سروس میسجز کے نظام میں مزید توسیع کی جائے گی تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو بیمار ہونے سے محفوظ رکھ سکیں جس سے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بھی کم ہوگا اور عوام کی جیب پر علاج معالجے کی مد میں اٹھنے والے مالی اخراجات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔
ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے سالانہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ76044مریضوں کو داخل کر کے اُن کا علاج معالجہ کیا گیا نیز97862 مریضوں کے مختلف نوعیت کے سرجری کے پروسیجر ہوئے۔2022کے دوران 54487سی ٹی سکین،17831ڈائلسزاور143936الٹرا ساؤنڈ ہوئے،ایم ایس نے مزید بتایا کہ 1582مریضوں کی شعاعوں سے پتھری تحلیل کرنے کے علاوہ 5794مریضوں کی گیسٹروسکوپی،256میموگرافی،628نیورو اینجیو گرافی،97048ایکسرے اور61085 مریضوں کی ای سی جی کے ٹیسٹ کیے گئے۔ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے یقین دلایا کہ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی قیادت میں اس ادارے کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کی کاوشیں جاری رکھی جائیں گی اور حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق یہاں آنے والے ہر مریض علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دیں گے۔