موجودہ حالات قائد کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا تقاضہ کرتے ہیں۔ گورنرسندھ


موجودہ حالات قائد کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا تقاضہ کرتے ہیں۔ گورنرسندھ
پاکستان کا قیام بابائے قوم کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔گورنرہاﺅس میں منعقدہ مشاعرہ سے خطاب

کراچی ( دسمبر26 )
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام بابائے قوم کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے اس وقت برصغیر کے مسلمان مایوسی اور ناامیدی کا شکار تھے لیکن محمد علی جناحؒ نے ایک منتشر قوم میں آزادی کا جوش اور ولولہ پیدا کیا، پاکستان کے موجودہ حالات قائد کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا تقاضہ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی پیدائش کے موقع پرگورنرہاﺅس میں منعقدہ مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنر ہاﺅس میں منعقدہ مشاعرہ میں افتخار عارف، ، پروفیسر سحر انصاری، انور شعور ، تاجدار عادل، عباس تابش، شاہدہ حسن، فاطمہ حسن، ڈاکٹر اقبال پیرزادہ، جاوید صبا،اجمل سراج ،طارق سبزواری ،،خالد معین اور صابر ظفر بھی شریک تھے جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھی بڑی تعداد سمیت ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وفاقی وزیر امین الحق اور ڈاکٹر فاروق ستار بھی موجودتھے۔ گورنرسندھ نے مشاعرہ میں شرکت پر تمام شعرائے کرام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آپ کی موجودگی نے اس مشاعرہ کو چار چاند لگا دئیے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک فلاحی معاشرہ کی تشکیل ہی عظیم قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتی ہے اس وقت سندھ میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا ئی ہے، قائد کے رہنما اصول کام ، کام اور صرف کام کے ذریعہ اس قدرتی آفت سے نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہم دن رات کام کرکے بہت جلد ان مشکلات سے نجات حاصل کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے ۔