مداحوں کی تنقید سے بچنے کے لیے عائشہ عمر نے اپنی تصاویر پر کمنٹس کا آپشن بند کردیا

عائشہ عمر نے ’برننگ مین‘ میں بنوائی گئی چند تصاویر کو انسٹاگرام پر شیئر کیا اور میلے میں پاکستانی نمائندگی کرنے پر فخر کا اظہار کیا۔
عائشہ عمر کی تصاویر کو اگرچہ ہزاروں افراد نے لائیک کیا، تاہم کچھ مداحوں نے امریکی میلے میں ان کے انتہائی بولڈ انداز پر ناراضی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ اداکارہ کا ایسا بولڈ انداز پاکستان کی درست نمائندگی نہیں کرتا۔
مداحوں کی تنقید سے بچنے کے لیے عائشہ عمر نے اپنی تصاویر پر کمنٹس کا آپشن بند کردیا، تاہم پھر بھی ان کی ایک تصویر پر مداحوں نے کمنٹس میں ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ اداکارہ کو اس قدر بولڈ انداز نہیں اپنا چاہیے تھا۔ اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں بولڈ انداز میں دیکھا جاسکتا ہے- ایک تصویر میں انہیں سندھی ثقافت کے اہم جزو ’رلی‘ کی طرز پر ٹی شرٹ پہنے سائیکل پر قومی جھنڈے کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک اور تصویر میں عائشہ عمر کو مشرق وسطیٰ کی طرز کے بولڈ لباس میں صحرا میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے ’برننگ مین‘ میلے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایک منفرد تجربے کی بات کی اور کہا کہ انہیں فخر ہے کہ انہوں نے اس میلے میں پاکستان کی نمائندگی کی

’برننگ مین‘ نامی منفرد ثقافتی میلہ ہر سال موسم گرما کے اختتامی ہفتوں میں ریاست نیواڈا کے صحرا میں 100 کلو میٹر کے رقبے پر منعقد کیا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر سے لوگ اور اہم شخصیات شرکت کرتی ہیں۔
اس میلے میں شرکت کرنے والوں کو خصوصی دعوت نہیں دی جاتی اور نہ ہی یہ لازمی ہوتا ہے کہ وہ آکر اپنے ملک کی نمائندگی کریں، تاہم اگر کوئی ملک کا قومی پرچم تھام کر کوئی اچھوتا فیشن اختیار کرتا ہے تو اسے روکا نہیں جاتا۔