وفاقی حکومت رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے، گریٹر تھل کینال منصوبہ پنجاب کے وسائل سے مکمل کریں گے پنجاب کے کسان کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے، یہ منصوبہ جاری رہے گا پنجاب کی خوشحالی گریٹر تھل کینال منصوبے سے مشروط ہے

پریس ریلیز
خوشاب، لیہ، بھکر، جھنگ اور مظفرگڑھ کی سوا کروڑ آبادی کی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنا پنجاب دشمنی ہے
گریٹر تھل کینال منصوبہ پنجاب کے کاشتکار اور کسانوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا
منصوبے کی تکمیل سے 175 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو سکے گی، 2.25 ملین ٹن سالانہ پیداوار میں اضافہ ہوگا–صوبائی وزیر آبپاشی
کرنل(ر)ہاشم ڈوگرکی پریس کانفرنس
لاہور11دسمبر:-وفاقی حکومت کی جانب سے گریٹر تھل کینال منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹیں حائل کر کے پنجاب کی عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے جس کا نقصان پورے ملک کو ہو گا۔ خوشاب، لیہ، بھکر، جھنگ اور مظفرگڑھ کے اضلاع کی سوا کروڑ آبادی کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنا پنجاب دشمنی کے مترادف ہے۔
یہ بات صوبائی وزیر آبپاشی کرنل(ر)ہاشم ڈوگر نے صوبائی وزیر خزانہ سردار محسن خان لغاری کے ہمراہ آج ڈی جی پی آر آفس میں گریٹر تھل کینال منصوبے کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر ہاشم ڈوگر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم پنجاب کے کسان کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے، یہ منصوبہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر تھل کینال منصوبے کو پنجاب کے وسائل سے مکمل کریں گے۔یہ منصوبہ پنجاب کے کاشتکار اور کسانوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ایک لاکھ پچھتر ہزار ایکڑ اراضی کو آبپاشی کی سہولت میسر آئے گی بلکہ 2.25 ملین ٹن سالانہ پیداوار میں اضافہ ہوگا اور پنجاب کے ان پانچ اضلاع میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔اس کے ساتھ ساتھ منصوبے کی تکمیل سے مقامی آبادی کے لئے نئی زمینیں زیر کاشت آئیں گی اوران کی آنے والی نسلوں کو باعزت روزگار ملے گا۔
سردار ہاشم ڈوگر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت ختم کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ عمران خان چوہدری پرویز الٰہی کوکہیں اور وہ اسمبلی تحلیل کر دیں۔ہم پی ٹی آئی کے 178اراکین اسمبلی اور 10ہمارے(ق) لیگ کے ساتھی ہیں ان میں سے کوئی ایک ساتھی بھی جانے کیلئے تیار نہیں۔ یہ فقط عوام میں بے یقینی اور اضطراب پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جب ہمیں حکم کریں گے ہم ان کی آواز پر لبیک کہیں گے اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم اسمبلی توڑ دیں گے تو تین ماہ بعد ہم وفاق سمیت دوبارہ اقتدار میں آئیں گے اورجب ہم وفاق میں اقتدار میں آئیں گے تو پنجاب کے ان محروم اضلاع کی عوام کو ان کا حق دلائیں گے۔
صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ 2008ء سے گریٹرتھل کینال کامنصوبہ التوا کا شکار تھا۔پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک)سے منظور کرایا او ر فیز ٹو کی تعمیر کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے رابطہ کیا۔ جس کی نتیجے میں دسمبر 2021ء میں اس منصوبے کے لیے200ملین ڈالر کی مالی معاونت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک سیمعاہدے پر دستخط کی حتمی تاریخ 13دسمبر 2022ہے، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ گریٹر تھل کینال فیزIکی بحالی اور فیزII کی تعمیرکے معاہدے پر دستخط نہ ہوئے تو معاہدہ ازخود ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ 1991واٹر اکارڈ کے تحت بلوچستان کیلئے کچھی کینال، سندھ میں رینی کینال بن گئی اورخیبر پختونخوا کیلئے چشمہ رائیٹ بینک کینا ل کا منصوبہ بھی منظورہواجبکہ پنجاب کو اس کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ 1991واٹر اکارڈ کے تحت گریٹر تھل کینال کے نام کے ساتھ پانی مختص کیا گیا ہے۔ سردار ہاشم ڈوگر نے کہا کہ یہ پنجاب کا اپنا پانی ہے۔پنجاب کی خوشحالی گریٹر تھل کینال سے مشروط ہے۔پنجاب کا کسان گندم نہیں اگائے گا تو ملکی غذائی ضروریات کیسے پوری ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہر سال25 ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں پھینک دیتا ہے اور دوسری طرف اس طرح کے ترقیاتی منصوبوں پر بے بنیاد اعتراضات لگا کر ترقی کی راہ روکی جارہی ہے۔
٭٭٭٭٭