علی ظفر کا ملک میں کھیلوں کی پذیرائی کیلئے اہم مطالبہ

عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے ملک میں کھیلوں کی پذیرائی کے لیے ایک اہم مطالبہ کردیا ہے۔

علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی حالتِ زار کی طرف توجہ دلائی ہے۔

اُنہوں نے ایک ٹوئٹر صارف کی بات سے اتفاق کیا کہ یہ واقعی لمحۂ فکریہ ہے کہ دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں سے صرف ایک ملک عالمی سطح پر فیفا ورلڈ کپ میں فٹبال کے میدانوں میں کھیلتے ہوئے نظر آتا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو ترقی دے کر بچوں اور نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع دیں کیونکہ کرکٹ سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ہمیں تمام شعبوں میں ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا چاہیئے‘۔

علی ظفر نے لکھا کہ’ہمیں ایسے پرانے اور رجعت پسند نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہیے جہاں صرف ایک شخص کو سب کے لیے فیصلہ کرنے کی اجازت ہو‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’حال ہی میں پاکستان کی خواتین والی بال ٹیم کی سرپرست نے ان چیلنجز کے بارے میں بات کی جن کا اُنہیں لڑکیوں کے کھیلنے اور مقابلہ کرنے کے لیے صرف چند انچارجز کی انا کی وجہ سے سامنا کرنا پڑا‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ہمیں اس نظام کو بدلنا چاہیئے اور ان لڑکیوں اور لڑکوں کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دینا چاہیئے‘۔