واسع چوہدری نے ایوارڈ شوز کی حقیقت بتا دی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان واسع چوہدری نے ایوارڈ شوز سے متعلق ایک اہم انکشاف کیا ہے۔

واسع چوہدری نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں ایوارڈ شوز میں بہترین اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے بہترین امیدوار کے انتخاب کے طریقۂ کار کے بارے میں بات کی ہے۔

اُنہوں نے بتایا ہے کہ آج سے 5 سال پہلے میں ایک ایوارڈ شو کی جیوری کا حصّہ رہ چکا ہوں، یہ حالیہ سوشل میڈیا انوویشن سے پہلے کی بات ہے۔

اُنہوں نے انکشاف کیا کہ ایوارڈ شوز کے لیے ’پبلک ووٹنگ‘میں کوئی حقیقت نہیں ہے، صرف جیوری یہ فیصلہ کرتی ہے کہ ایوارڈ کس کو دیا جائے گا۔
اُنہوں نے اپنی بات کی وضاحت کے لیے آسکر ایوارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پبلک ووٹنگ میں کوئی حقیقت ہوتی تو لیونارڈو ڈی کیپریو کو تو بہت پہلے ہی ایوارڈ مل جانا چاہیے تھا کیونکہ ان سے بڑا فین کلب تو کسی کا نہیں ہے۔

اداکار و میزبان نے کہا کہ ایوارڈ شوز کے لیے کوئی آن لائن پولنگ نہیں ہوتی، مداحوں کے ہاتھ میں صرف یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ اداکار کی فلم سنیما جا کر دیکھیں اور اسے باکس آفس پر کامیاب بنائیں۔
واسع چوہدری نے کہا کہ ایوارڈ کس کو ملے گا اس بات کے فیصلے کا اختیار صرف جیوری ممبرز کے پاس ہوتا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ویورز چوائس کی بات انتظامیہ کی جانب سے صرف ایوارڈ شوز کی پذیرائی کے لیے کی جاتی ہے۔

واسح چوہدری نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ایوارڈ شوز میں سب سے پہلے تو ویورز چوائس کی کیٹیگری کو ختم کر دینا چاہیے، ویورز چوائس ایوارڈ ایک احمقانہ سی بات ہے، ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا، بہترین اداکار صرف ایک ہی ہوتا ہے۔