ریاض – دُنیا کا ایک خوبصورت، وسیع و عریض اور جدید ترین شہر


دبئی، دبئی، دبئی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اب تک دماغ یہی بیٹھا ہوا تھا کہ دُبئ بہت شاندار، بہت ترقّی یافتہ اور بہت بڑا شہر ہے۔ ریاضِ پہنچتے ہی جب یہ سُنا کہ یہ دبئی سے بڑا شہر ہے تو یقین کرنا گو بڑا مشکل تھا مگر کرنا ہی پڑا۔ مملکت کا دارالخلافہ ہونے کے حوالہ سے یہ شہر آہستہ آہستہ بڑھتے بڑھتے بہت بڑھ گیا ہے۔ جدید ترین شاپنگ مالز، وسیع و کشادہ سڑکیں اور اہلِ نظر کی آباد کردہ تازہ بستیاں سب ہی قابلِ دید ہیں۔ ایک اور اہم بات کہ انڈر گراؤنڈ ریلوے کے جس جدید ترین نظام پر یہاں سات سال سے کام ہو رہا ہے وہ چند اور سالوں میں پایہ تکمیل کو پہنچنے کے بعد جزیرہ نمائے عرب کا سب سے بڑا ریلوے نیٹ ورک ہوگا۔ یہ نظام صرف مین شاہراہوں کے ساتھ نہیں چل رہا بلکہ اسکی شاخیں زمین کے نیچے نیچے ہی اپنی جڑوں کو پھیلاتے ہوئے ہر علاقہ میں اپنے پیچ و خم دکھا رہی ہیں اور آپ مختلف علاقوں سے گُزرتے ہوئے اس کے زیر زمین اسٹیشنز تک لےجانے والی سیڑھیوں کے اوپر بنے اسٹرکچرز کو دیکھ سکتے ہیں۔ گو ریاض میں فلک بوس عمارتیں بھی موجود ہیں، یہاں ماحول کی خوبصورتی کو متاثر کیئے بغیر شہر کو افقی سمتوں میں توسیع دی گئی ہے۔ شاپنگ کمپلیکسز میں دُنیا جہان کے برانڈز اور فوڈچینز موجود ہیں اور آپ حسبِ استطاعت خریداری اور پیٹ پوجا کرسکتے ہیں۔ ریاض میں ایک نیا پارک ملک محمّد بن سلمان کے نام سے بنایاجارہاہے جس کی دیوار جب آپ دیکھنا شروع کرتے ہیں تو آپ کی گاڑی چلتی چلی جاتی ہے اور یہ پارک ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا۔ دیوار پر موجود اشتہارات بتاتے ہیں کہ لوگوں کے لیئے یہ تفریح کی ایک بہترین جگہ ثابت ہو گی۔ ریاض میں طریق ملک فہد پر کمرشل ڈسٹرکٹ اور کئی بلند وبالا عمارات موجود ہیں جن میں کنگڈم سینٹر اور فیصلیہ کی عمارات ایک خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔ فیصلیہ میں بلندی پر ایک گلوب نما ریسٹورینٹ اور شہر کے نظارے کے لیئے فلور موجود ہے۔ علاوہ ازیں ریاض سے آدھے پونے گھنٹے کی مسافت پر دو قدرتی تفریح گاہیں بھی جھیلوں اور نخلستان کی صورت میں سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لیئے دلفریب نظارے اور آرام و سکون کا سر سبز ماحول لیئے موجود ہیں۔ ارجنٹینا کے خلاف میچ میں فتح حاصل کرنے پر نہ صرف سعودی شہریوں بلکہ یہاں رہنے والے لاکھوں غیر ملکیوں کی خوشی کا عالم دیدنی تھا۔ شاہ سلمان نے پوری مملکت میں نہ صرف ایک دن کی تعطیل کاُ اعلان کیا بلکہ اس دن تمام تفریحی مقامات پر داخلہ فیس کے ساتھ وہاں موجود تمام رائیڈز کا ٹکٹ بھی فری کردیا گیا۔ اسکے علاوہ دیگر اشیاء پر خصوصی ڈسکاؤنٹ دیئے گئے۔ ہم لوگ مٹھائی لینے حبیبیہ گئے تو وہاں بھی ایک کنافہ میچ کی خوشی میں اضافی ملا۔ سعودی عرب کی مذہبی اہمیت تو مسلّم ہے ہی وہاں کی حکومت اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے ساتھ زائرین کی سہولیات کی فراہمی کے لیئے دن رات کوشاں رہتی ہے۔ سعودی شہریوں کے لیئے تعلیم، روزگار، مکان، علاج اور روز مرّہ کی ہر ضرورت پوری کرنا مملکت کےحکمراں اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ حال ہی میں مذہبی اہمیت کی حامل بہت ساری زیارتوں کی نئے سرے سے تزئین و آرائش کر کے اُنہیں زائرین کے لیئے کھولنے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ تیل اور دیگر معدنیات سے حاصل ہونے والی دولت کا شہریوں کی بھلائی کے لیئے پورا پورا استعمال کیاجاتا ہے۔ بہترین عمارتیں، بہترین سڑکیں، بہترین ٹرانسپورٹ، جدید ترین صنعتیں اور سب سے بڑھ کر مملکت کا انتظام و انصرام چلانے کے لیئے قائم کیئے گئے اداروں کا ایک بہترین نظام ترتیب دیا گیا ہے۔
=====================