ناسا نے کاسمک بادلوں اور ستاروں کی نئی تصویر جاری کردی

امریکی خلائی ادارے ناسا نے طاقتور جیمز ویب ٹیلی اسکوپ سے لی گئی کاسمک بادلوں اور ستاروں کے وجود میں آنے کی نئی تصویر جاری کردی۔

اس تصویر میں ایک نئے ستارے کو پھوٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس نئے ستارے سے نکلنے والے دھول اور گیس کے بادل مختلف رنگوں کی روشنی ظاہر کررہے ہیں۔

اس نئے ستارے کی ایک جانب نارنجی جبکہ دوسری طرف نیلے رنگ کی روشنی عیاں ہو رہی ہے۔

ان روشنیوں کا پھیلاؤ کچھ اس طرح ہے کہ دور سے دیکھنے پر یہ ’ hourglass‘ کا گمان ہوتا ہے، جن کی تشبیہ بخوبی دن اور رات کے بدلنے سے کی جاسکتی ہے۔
یہ نیا پھوٹنے والا ستارہ پروٹواسٹار ہے جو گہرے سیاہ بادلوں میں سے ابھر رہا ہے۔ قدرت کے اس خوبصورت نظارے نے ہر دیکھنے والی آنکھ کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔
ناسا نے اپنے جاری بیان میں یہ واضح کیا ہے کہ ان سیاہ گہرے بادلوں میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کے باعث وجود میں آنے والا یہ نیا ستارہ 1 لاکھ سال قدیم پے۔

اسے کلاس 0 پروٹو اسٹار سمجھا جاتا ہے، جو ستارے کی تشکیل کا ابتدائی مرحلہ ہے۔