فائنل میں زیادہ ڈاٹ بال کیوں ہوئی؟ بابراعظم نے وجہ بتادی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے میلبرن میں انگلش ٹیم سے فائنل میں شکست پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بیٹرز نے 20 رنز کم بنائے لیکن بولرز نے ہمت دکھائی۔

میلبرن میں میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بابراعظم نے کہا کہ میچ میں ایک اچھی پارٹنر شپ کی اشد ضرورت تھی، جسے بنانے کی وجہ سے ڈاٹ بولز زیادہ ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاٹ بال پاکستان ٹیم کی خامی رہی ہے، جس کو دور کرنا ہوگا، ہم نے میچ میں دباؤ نہیں لیا دراصل وکٹیں جلدی گرتی چلی گئیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ مڈل آڈرز پر خاصی تنقید ہو رہی تھی، مڈل آڈر نے ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کیا، مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں انگلینڈ نے بھی 6 اوورز کے بعد پریشانی کا سامنا کیا، شاہین آفریدی کی انجری نہ ہوتی تو نتیجہ بدل سکتا تھا۔

بابراعظم نے یہ بھی کہا کہ کبھی کبھی ہم اپنے پلان پر عمل نہیں کر پاتے، بین اسٹوکس کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈر میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر سے مایوس نہیں ہوں، کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اتار چڑاؤ آتے رہتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ 1992ء کی طرح سب کچھ ہوا سوائے فائنل کے نتیجے کے، کراؤڈ کا شکریہ، جنہوں نے ہر گراؤنڈ پر ہمیں سپورٹ کیا۔