کے ڈی اے افسران و ملازمین شائستگی اور اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض ادا کریں: ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل

کراچی :  ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا جو صارفین کے ساتھ تعاون نہیں کررہے اور ادارہ کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، ان کے خلاف سخت دفتری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تمام کے ڈی اے افسران و ملازمین شائستگی اور اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض ادا کریں۔ یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے اعلیٰ افسران پر مشتمل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے کے ڈی اے اراضیوں کی نیلامی کے لئے آکشن کمیٹی قائم کرنے کے احکامات جاری کئے، کمیٹی کے ڈی اے اراضیوں کا سروے کرکے نیلامی کے لئے موجود اراضیوں کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں اراضیوں کو نیلامی کے گورننگ باڈی سے منظوری لی جائے گی جبکہ پلاٹوں کی قیمتوں کے تعین کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی شہریوں کے لئے نئی و سستی رہائشی اسکیموں کے لئے سندھ حکومت اور وزیر بلدیات سندھ سے رجوع کیا جائے گا، امیدہے کہ ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سندھ حکومت اور وزیر بلدیات سندھ ادارہ ترقیات کراچی سے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ادارہ کی آمدن میں اضافہ کے لئے بالخصوص محکمہ ریکوری کے ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ پبلک ہاؤسنگ اسکیم کو ہدایت کی کہ وہ تمام وسائل کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف واجبات کی وصولی یقینی بلکہ آمدن کے نئے ذرائع بھی تلاش کئے جائیں۔ مختلف اسکیموں میں کے الیکٹرک کے زیر استعمال اراضی جن پر پول، پی ایم ٹیز اور سب اسٹیشن موجود ہیں ان کا تفصیلی سروے کرکے اراضی استعمال کرنے کی فیس وصول کی جائے۔

انہوں نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ الاٹیز پر واجب الادا بقایا جات کی وصولیابی کو تیز کیا جائے اور نادہندگان سے فوری طور پر بقایا جات وصول کئے جائیں بصورت دیگر پلاٹوں کی منسوخی کا عمل شروع کیا جائے۔ صنعتی و تجارتی پلاٹوں کے نادہندہ مالکان کو بقایا جات کی ادائیگی کے نوٹسز کوریئر سروس کے ذریعے بھجوائے جائیں تاکہ ایسے مالکان ریکوری ڈپارٹمنٹ کے ڈی اے سے رابطہ کرکے اپنے بقایاجات کی ادائیگی کرسکیں۔ الاٹیز اپنے فرائض سمجھتے ہوئے ذمہ داریاں ادا کریں اور واجبات کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ ادارہ ترقی کرسکے اور شہر کی فلاح و بہبود میں ماضی کی طرح تاریخ ساز کردار ادا کرسکے۔اجلاس میں چیف انجینئر رام چند، ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاؤنٹس ارشد عباس، ڈائریکٹر لینڈ عطاء عباس، ڈائریکٹر ریکوری فضیل بخاری،ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔