‘عبدالقادر کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہوگیا

گوگلی ماسٹر عبدالقادر کے انتقال پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین غم زدہ ہیں اور وزیراعظم عمران خان سمیت سابق کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا میں اپنے پیغامات میں اپنے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ انسٹاگرام میں جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ‘عبدالقادر کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہوگیا جنہوں نے پوری دنیا میں اپنے ملک کا نام روش کیا تھا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘عبدالقادر کے انتقال سے میں ایک پیارے دوست سے محروم ہوگیا ہوں اور مجھے گہری دکھ میں مبتلا کردیا ہے’۔ وزیراعظم عمران خان نے عبدالقادر کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کو صبر کی دعا کی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی عبدالقادر کے اچانک انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی-
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ ‘انہیں کئی وجوہات پر جادو گر کہا جاتا تھا لیکن جب انہوں نے میرے آنکھوں میں دیکھا تو مجھے کہا کہ میں اگلے 20 سال تک پاکستان کے لیے کھیلوں گا اور مجھے ان پر اعتماد تھا’۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ‘ایک جادوگر، ایک لیگ اسپنر اور اپنے وقت کا موجد تھا، عبدالقادر آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور کبھی نہیں بھولا جائے گا’
سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر ٹویٹر میں جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘عبدالقادر صاحب کے انتقال کی اندوہناک خبر ملی ہے، مجھے دلی دکھ ہوا اور میرا دل ان کے خاندان کے ساتھ دھڑکتا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ان کا مجھ پر بڑا احسان تھا کیونکہ 2009 میں انہوں نے مجھے منتخب کیا تھا اس حقیقت کے باوجود میں مکمل طور پر فٹ نہیں تھا لیکن انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور میں نے ان فٹ ہونے کے باوجود پاکستان کو میچز بھی جیتوائے تھے’
عبدالقادر 2009 میں چیف سلیکٹر تھے اور ان کی منتخب ٹیم نے 2009 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے عبدالقادر کے انتقال پر ٹویٹر میں اپنے پیغام میں دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ‘یہ سن کر دکھ ہوا کہ عبدالقادر انتقال کرگئے ہیں، ان سے دو سال قبل ملاقات ہوئی تھی اور وہ بھرپور توانا تھے’۔ انہوں نے کہا کہ ‘ایک چمپیئن باؤلر، عظیم انسان تھے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے خاندان سے تعزیت کرتا ہوں’۔
شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں عبدالقادر اور پاکستانی اداکار عابد علی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیااور ان کے لیے دعاؤں کی درخواست کی