کرائسٹ چرچ پہنچتے ہی پاکستان ٹیم کو مفلر اور گرم کپڑے نکالنا پڑگئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کو لاہور سے جاتے ہی فوراً کرائسٹ چرچ میں مختلف موسم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان دنوں کرائسٹ چرچ میں موسم سرد اور کم سے کم درجہ حرارت دو سینٹی گریڈ تک چلاجاتا ہے۔

کرائسٹ چرچ میں آج بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ کل بھی بارش، موسم سرد اوربرفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

موسم کے لحاظ سے شام کے میچز کے دوران پاکستان ٹیم کو ٹف کنڈیشنز کا سامنا ہوگا۔

ٹریننگ شیڈول نہ ہونے کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم آج ہوٹل ہی میں رہے گی۔ ٹیم کا کل پہلا ٹریننگ سیشن شیڈول ہے۔

رپورٹس کے مطابق میچ سے قبل واحد ٹریننگ سیشن بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

سہہ ملکی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔