پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام ’ملکی ترقی و استحکام میں جامعات کا کردار‘ کے موضوع پردو روزہ قومی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کسی بھی شعبہ میں ترقی کیلئے ٹریننگ ضروری ہے جبکہ ہماری یونیورسٹیوں میں اس کا فقدان ہے

لاہور:(جنرل رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام ’ملکی ترقی و استحکام میں جامعات کا کردار‘ کے موضوع پردو روزہ قومی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کسی بھی شعبہ میں ترقی کیلئے ٹریننگ ضروری ہے جبکہ ہماری یونیورسٹیوں میں اس کا فقدان ہے۔ تقریب میں سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، ڈین فیکلٹی آف بزنس، اکنامکس اینڈ ایڈمنسٹریٹیو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ممتازانور چوہدری،ڈین فیکلٹی آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار احمد، کانفرنس سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد فاروق، پاکستانی جامعات سے ماہرین تعلیم، فیکلٹی ممبران، محققین اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مقررین نے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سرکاری جامعات اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے فروغ کی جانب گامزن ہیں جبکہ نجی یونیورسٹیاں اسی مد میں اربوں روپے کا بزنس کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں مختلف موضوعات پر تحقیق ہو رہی ہے جس سے سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ شرکاء نے کہا کہ ملکی ترقی و استحکام کیلئے طلباؤطالبات کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔دوروزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب آج ہوگی۔