جیکب آباد کی خبریں

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
جیکب آباد میں پولیس کا دو مختلف پولیس مقابلوں میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پولیس نے دو مختلف پولیس مقابلوں میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس ترجمان کے مطابق سٹی تھانہ کی حدود گڑہی سبھایو لنک روڈ پر پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم نادر عرف برو بھنگوار کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم نادر بھنگوار نے ایک روز قبل اپنے ساتھی ڈکیت اسماعیل بنگلانی کے ہمراہ واردات کی کوشش کی جسے پولیس اہلکار گودھو سندرانی نے ناکام بنایا تو ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے اہلکار کو شدید زخمی کیا تھا اور فرار ہوگئے تھے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا تو ملزم کو مقابلے کے بعدزخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔ علاوہ ازیں صدر تھانہ کی پولیس نے محمد علی بروہی لنک روڈ پر جرائم پیشہ افراد سے مقابلے کے بعد ایک ملزم نانگری عرف محمد اسماعیل بنگلانی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پسٹل بھی برآمد کیا گیا، ایس ایس پی سمیر نور مطابق گرفتار ملزم اپنے 5 نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ واردات کے ارادے سے محمد لنک روڈ پر گھات لگائے ہوئے تھے پولیس کو دیکھ کر انہوں نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقابلوں کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان پولیس اہلکار گودھو سندرانی کو زخمی کرنے میں ملوث تھے

۔

جیکب آباد(نامہ نگار) جے یو آئی کے وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، پانی کی پینے کی عدم فراہمی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ، تباہ حال روڈ راستوں، ڈرینیج سسٹم اور نالیوں کے میگا اسکیم کے کام اور دیگر مسائل پر بات چیت۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام جیکب آباد کے وفد نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد محمد یوسف شیخ سے جے یو آئی ضلع جیکب آبادکے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند اور انجینئر حماداللہ انصاری کی قیادت میں ملاقات کی اور شہر کے مسائل پر بات چیت کی، جے یو آئی کے رہنماؤں نے شہر کے اہم 10 مسائل لکھ کر پیش کئے، جے یو آئی کے وفد نے کہا کہ برسات کے بعد ایک ماہ سے کھیر تھرکینال سے پینے کا پانی بند ہے، جیکب آباد کا پانی 70 فیصد آرسنک سے بھرا ہے جس کے استعمال سے بیماریاں پھوٹ پڑی ہیں اس لیے فوری انتظامات کرکے پینے کا پانی جلد فراہم کیا جائے، انہوں نے گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، ٹف ٹائلس اور ڈرینیج کے میگا اسکیم کے ناکارہ کام، سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی عدم سہولیات، تباہ روڈ راستوں، شہر کو ون وے کرنے، بڑھتی ہوئی گندگی، سیلاب میں ڈوبے علاقوں سے پانی نکالنے اور دیگر مسائل پر بات چیت کی، ڈی سی نے شہر کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی.اور کہا کہ برسات متاثرین کی بحالی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سروی ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں جس سے ٹرانسپیرنسی ہوگی۔

جیکب آباد (نامہ نگار) سنی پارٹی پاکستان کی جانب سے جشن عید میلادالنبی ﷺکے سلسلے میں یونٹ گوٹھ گلاب ماچھی سے مرحبا کی صداؤں میں ریلی نکالی گئی جوکہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی تھرڈ فیملی لین میں منعقدہ محفل میلاد شریف میں شریک ہوئی جہاں پر معروف ثناء خوان حضرات نے بارگا ہ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے بعد ازاں چیئرمین سنی پارٹی پاکستان مولانا عبدالخالق قادری نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدﷺسراپا ہدایت بن کر تشریف لائے اور مصنوعی بتوں کی پرستش کے بجائے حقیقی معبود اللہ پاک کی بندگی کی تعلیم دیکر گمراہوں کو دنیا بھر کا رہنما بنا دیا،بعدازاں تمام شرکاء سے اجتماعی طور پر اپنے دانستہ اور غیر دانستہ ہونے والے گناہوں سے توبہ کروائی گئی۔

جیکب آباد (نامہ نگار) پاکستانی کمیونٹی اسپین کی جانب سے سیلاب متاثرہ خاندانوں میں راشن اور نقدی تقسیم کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد اور شکارپور کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے پاکستانی کمیونٹی اسپین کی جانب سے بھیجا گیا راشن اور نقدی درگاہ ہمایوں شریف کے میاں عبدالباسط نے تقسیم کی، اس موقع پر درگاہ ہمایوں شریف کے میاں عبدالباسط نے کہا کہ اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے چوہدری نوید، چوہدری مدثر، راجہ ارسلان اور دیگر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بھیجا گیا امدادی سامان متاثرین میں تقسیم کیا گیا ہے، انہوں نے پاکستانی کمیونٹی اسپین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے اس مشکل گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی ہے، انہوں نے کہا کہ سیلاب و بارش کی تباہ کاریوں کی وجہ سے لاکھوں خاندان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے ہیں ان کی مدد کے لیے ہر کسی کو آگے آنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد کرکے ان کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔