’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ایڈوانس بکنگ آج سے شروع

پاکستانی تاریخ کی مہنگی ترین ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ایڈوانس بکنگ آج سے شروع ہو جائے گی۔
فلم کے ٹکٹس پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے، یہ فلم 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک ساتھ ریلیز کی جائے گی۔

فلم میں اداکار فواد خان نے ’مولا جٹ‘ کا مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ ماہرہ نے ’مکو جٹی‘ کا کردار ادا کیا ہے۔

1979 کی کلاسک فلم ’مولا جٹ‘ کے ریمیک میں حمزہ علی عباسی مولا جٹ کے حریف ’نوری ناتھ‘ کا کردار ادا کریں گے جبکہ حمائمہ ملک دارو کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس کے علاوہ گلوکار فارس شفیع نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ میں مودا کے کردار سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا ہے۔

بین الاقوامی معیار کی VFX مہارت کے ساتھ اس فلم کو اس منفرد انداز سے تخلیق کیا گیا ہے جو پاکستان میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، اس لئے فلم کی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم کا ہر منظر دیکھنے والے اپنی نشستوں سے اُٹھ نہیں پائیں گے۔