میں نے کئی سال پہلے کہہ دیا تھا کہ اپنا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا ہے، نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ میں نے کئی سال پہلے کہہ دیا تھا کہ اپنا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم کی بریت پر اظہار تشکر کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر انسان سچا ہو تو اللّٰہ ساتھ نہیں چھوڑتا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے حق کو فتح دلا کر پوری دنیا اور قوم کو سچ دکھا دیا۔

مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس سے بری
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ کی رہنما مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس سے بری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نوازاور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل منظور کرتے ہوئے ان کی 7 سال قید کی سزا کالعدم قرار دے دی۔

عدالتِ عالیہ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 1 سال قید کی سزا بھی کالعدم قرار دے دی۔

آج مجھے نواز شریف کے کہے الفاظ پر یقین آگیا
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللّٰہ نے آج نواز شریف کو سرخرو کیا، 6 سال اس کیس میں جھوٹ بولا گیا، جس شخص نے یہ جھوٹ بولا آج اس شخص کا چہرہ دیکھنا چاہتی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس ملک کو سازشی سے بچانا ہمارا فرض ہے اور ہم یہ فرض پوری قوت سے ادا کریں گے، جب آپ کے پاس طاقت ہوتی ہے تو ان کی آنکھوں پر پٹی بندھ جاتی ہے، یہ فیصلہ اللّٰہ کی طرف سے آیا ہے۔
https://jang.com.pk/news/1141652