خیبرپختونخواہ میں یکم محرم کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا

 خیبرپختونخواہ حکومت نے یکم محرم کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے یکم محرم کو عام تعطیل کے حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ یکم محرم کو صوبے بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ دوسری جانب محرم الحرام میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا جائے گا۔
اس ضمن میں کراچی میں محرم الحرام کے دوران ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جبکہ بلوچستان میں بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی۔ اس کے علاوہ اسلحہ کی نمائش، پوسٹرز اور وال چاکنگ پر بھی پابندی عائد ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ہرقسم کے نفرت انگیز مواد، کتابیں، میگزین اور کیسٹس کی فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔
اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے تناظر میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ لاہور میں محرم الحرام کے جلوس کے دوران موبائل سروس بند رکھنے اور فضائی نگرانی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔