بابر، رضوان کی ڈبل سنچری پارٹنر شپ، پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی میں تاریخی فتح

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے ڈبل سنچری پارٹنر شپ بنا کر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے یہ ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم 11 چوکوں اور 5 چھکوں کے ساتھ 66 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے تو محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 5 چوکے اور 4 چھکوں کی بدولت 88 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

گزشتہ میچ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایلکس ہیلز نے اس مرتبہ 26 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

اس مجموعے پر شاہنواز دہانی نے پہلے ہیلز اور پھر اگلی ہی گیند پر ڈاؤڈ ملان کو بھی بولڈ کردیا۔
اس کے بعد اوپنر فل سالٹ اور بین ڈکِٹ نے اپنی ٹیم کو سنبھالا اور 53 رنز کی برق رفتار شراکت بنادی۔

95 کے مجموعے پر حارث رؤف نے 30 رنز بنانے والے اوپنر فل سالٹ کو بولڈ کرکے اس خطرناک نظر آتی ہوئی پارٹنرشپ کو بریک لگائی۔

محمد نواز نے 101 کے مجموعے پر 43 رنز بنانے والے بین ڈکِٹ کو بھی چلتا کیا، لیکن اس کے بعد کپتان معین علی اور ہیری بروکس کے درمیان صرف 27 گیندوں پر 59 رنز کی پارٹنر شپ نے انگلینڈ کی اننگز کی رفتار کو ہی تبدیل کردیا۔

دونوں 17ویں اوور میں اسکور کو 160 رنز پر لے گئے جہاں 31 رنز بنانے والے ہیری بروکس حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
دوسری جانب وکٹ پر موجود کپتان معین علی کا بلہ رنز اگلتا رہا، انہوں نے 23 گیندوں پر چار چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 199 رنز بنائے۔