صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسیلینس اتھارٹی کے زیر انتظام قائم ہونے والے سنٹر آف ایکسیلینس (بوائز) تاندلیانوالہ کا افتتاح کر دیا

لاہور(جنرل رپورٹر)

صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسیلینس اتھارٹی کے زیر انتظام قائم ہونے والے سنٹر آف ایکسیلینس (بوائز) تاندلیانوالہ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلنس اتھارٹی کی پوری ٹیم نے زبردست کام کیا ہے۔ مراد راس نے کہا کہ سینٹر آف ایکسیلنس تاندلیانوالہ میں طلبا کو ناقابلِ فراموش تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سکول کے قیام پر تقریباََ 25 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے اور اس میں قریب 3 ہزار طلبہ مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سکول کی 3 منزلہ عمارت میں 47 کلاس رومز تعمیر کئے گئے ہیں اور یہاں طلبا کے لیے سائنس لیب، آئی ٹی لیب، لائبریری، سٹاف روم، گراؤنڈ و دیگر سہولیات موجود ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سنٹر آف ایکسیلینس (بوائز) تاندلیانوالہ پنجاب میں دانش سکولز اتھارٹی کے زیر انتظام چلنے والا بارہواں سکول ہے اور اس سے قبل 11 سنٹرز آف ایکسیلینس سکولوں میں 22 ہزار سے زائد بچے بہترین سہولیات کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ مراد راس نے کہا کہ ہم نے گزشتہ حکومت کے منصوبوں کو بند کرنے کی بجائے اُنہیں مزید کار آمد و بہتر بنایا ہے۔ وزیر سکول ایجوکیشن کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ اصُولی طور پر پنجاب کے تمام سکولوں کو سینٹرز آف ایکسیلنس کی طرز پر تیار ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ،اور چکوال میں بھی سینٹرز آف ایکسیلنس سکول زیرِ تعمیر ہیں جو بہت جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔ مراد راس نے یہ بھی بتایا کہ ہمیں صوبے بھر سے مزید سینٹر آف ایکسیلنس سکول بنانے کی درخواستیں موصول ہو رہیں ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ گزشتہ چند سالوں میں ٹیکنالوجی کا جتنا موثر اور جامع استعمال محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب میں ہم نے کیا مُلک کے کسی اور محکمے نے نہیں کیا ہو گا۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت کا عمل یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے اور اس کا دوسرا بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ کو درست فیصلوں کے لئے درست ڈیٹا میسر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے آج محکمہ تعلیم میں تبادلے، اے سی آرز، ریٹائرمنٹ، نجی سکولوں کی رجسٹریشن، ڈیٹا پروسیسنگ و دیگر اُمور کا نظام مکمل طور پر آن لائن ہو چُکا ہے۔ مراد راس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی جب چار ماہ ہماری حکومت نہیں تھی تو مسلم لیگ ن کی حکومت نے محکمہ تعلیم میں مفادِ عامہ کے تمام تر منصوبوں پر کام رکوا دیا۔ پی ڈی ایم جماعتوں کے سربراہان مُلک کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں اور نہیں چاہتے کہ عوام پڑھ لکھ کر باشعور ہوں۔ یہ بہت اچھے سے جانتے ہیں کہ باشعور اور پڑھے لکھے لوگ ان جیسے ذاتی مفادات کی بنیادوں پر سیاست کرنے والے لوگوں کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے۔سنٹر آف ایکسیلنس تاندلیانوالہ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وائس چئیرپرسن دانش سمیرا احمد، مینیجنگ ڈائریکٹر دانش سکولز احمر ملک، ایم پی ایز،سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد، اساتذہ، و دیگر موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے شجرکاری کے فروغ کے لئے سینٹر آف ایکسیلنس تاندلیانوالہ میں پودا بھی لگایا۔