ہندوستان کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جو ظلم ڈھا رہا ہے ہم اسے دنیا کے سامنے بے نقاب کرینگے : سید مراد علی شاہ

کراچی :  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پورے پاکستان سمیت سندھ بھر میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یوم یکجہتی بڑے جوش و خروش اور بھرپور جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے ہم بھارت اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ہندوستان گذشتہ کئی روز سے کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جو ظلم ڈھا رہا ہے ہم اسے دنیا کے سامنے بے نقاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد اور قربانیاں دنیا کیلئے لازوال مثال ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انڈیا کشمیر کو کیا توڑے گا کشمیر کی جدوجہد آزادی انڈیا کے ٹکڑے ٹکڑے کر دے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں سے دنیا کی کوئی طاقت انکاری نہیں کرسکتی۔ کشمیر کے مسئلے کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں کشمیر کے مسئلے پر بات ہو رہی ہے اور پوری دنیا میں جگہ جگہ احتجاج اور مظاہرے ہو رہے ہیں۔ آج پورے ملک کی طرح صوبہ سندھ میں بھی 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک کے سگنل سرخ کردیئے گئے اور عوام کی بڑی تعداد نے ریلیاں نکال کر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کیا اور قومی اور کشمیری ترانے باآواز بلند پڑھے گئے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز بن کر کشمیر کے حق میں واشگاف نعرے بلند کئے گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام اپنا حق خود ارادیت حاصل کریں گے۔