میرپورخاص میں بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے بڑھا کر 12 گھنٹے تک کر دیا

میرپورخاص میں بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے بڑھا کر 12 گھنٹے تک کر دیا ہے جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کی آنکھ مچولی اور کم وولٹیج کا سلسلہ بھی جاری ہے، دیہی علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے، کم وولٹیج سے گھریلو برقی آلات ناکارہ ہونے لگے، شہر اور دیہی علاقوں کے درجنوں ٹرانسفارمر خراب ہیں اور علاقوں کے رہائشی سراپا احتجاج ہیں تفصیلات کے مطابق سندھ کے چوتھے بڑے شہر میرپورخاص کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ تو دے دیا گیا ہے لیکن بدقسمتی سے حیسکو حکام نے میرپورخاص کو شہری کے بجائے دیہی علاقوں میں شامل کر رکھا ہے جس کی وجہ سے میرپورخاص میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے طویل ہے اور اب حیسکو کی جانب سے اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں چار گھنٹے کا اضافہ کر کے 12 گھنٹے کر دیا گیا ہے اور ہر دو گھنٹے کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کی آنکھ مچولی اور کم وولٹیج کا سلسلہ بھی جاری ہے دیہی علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے شدید گرمی اور حبس میں صارفین کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کم وولٹیج کے باعث گھریلو برقی آلات جن میں پانی کی موٹرز، پنکھے، فریج، یو پی ایس، اسٹپلائزر اور دیگر برقی اشیاء ناکارہ ہو رہی ہیں جس سے صارفین کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے شہر اور دیہی علاقوں میں درجنوں ٹرانسفارمر کئی کئی دنوں سے خراب ہیں اور ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے صارفین نے وفاقی وزیر توانائی اور حیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ میرپورخاص کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنے کے بعد اسے شہری علاقوں میں شمار کر کے لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں کمی کی جائے، کم وولٹیج کی شکایت کو دور کیا جائے اور جن علاقوں کے ٹرانسفارمر خراب ہیں انہیں فوری طور پر درست کیا جائے دیگر صورت میں حیسکو آفسوں کا گھیراو کیا جائے گا