وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا حیدرآباد میں پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہونے پر افسوس کا اظہار

کراچی  : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیو پروگرام کے انچارج سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم سندھ کو پولیو سے پاک کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں مگر اس محنت کے نتائج نہ آنا افسوسناک ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری صحت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ جن بچوں میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے انکو پہلے کب پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے اور اگر پلائے گئے تھے تو پھر یہ کیسز کیوں ظاہر ہوئے اوراگر قطرے نہیں پلائے گئے تو اس کا ذمہ دار کون ہے اور اگر یہ انکاری کیسز تھے تو اس پر کیا کاروائی کی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبہ کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ہم صوبہ سندھ کو پولیو سے پاک بناسکیں ۔