پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام انٹرن شپس کرنے والے طلباؤطالبات کی طرف سے ’آزادی اور 14 اگست‘ کے موضوع پر پوسٹر نمائش منعقد کی گئی

لاہور ( جنرل رپورٹر  )پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام انٹرن شپس کرنے والے طلباؤطالبات کی طرف سے ’آزادی اور 14 اگست‘ کے موضوع پر پوسٹر نمائش منعقد کی گئی۔ اس نمائش کا انعقاد پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ لائبریری اور انفارمیشن سائنس کے طلباء کے لیے ایک پروجیکٹ اسائنمنٹ کے طور پر کیا گیا تھا۔ دو ماہ کے انٹرن شپ پروگرام کے دوران دونوں یونیورسٹیوں کے سترہ طلباء کو لائبریری کی روایتی اور ڈیجیٹل خدمات کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی گئی۔ پروگرام کو خاص طور پر طلباء کی آئی ٹی کی بنیادی مہارتوں کو بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا یعنی ویب ڈیزائننگ اور ڈیجیٹل اوپیک کی تخلیق کے ساتھ ساتھ انتظامی اور شخصی مہارتوں کو متحرک کرنا جس میں مواصلات، تنقیدی تجزیہ، پیشکش اور مطالعے کی عادات شامل ہیں۔ اپنے خطاب میں چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی نے کہا کہ ان کا مشن اپنے تمام وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ کمیونٹی کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائبریرین کی اکثریت معاشی اور انتظامی رکاوٹوں کے باوجود علمی برادری کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

============================================