عظیم وطن عزیز پاکستان کو ہم عظیم تر بنائیں گے. جاوید اقبال

عظیم وطن عزیز پاکستان کو ہم عظیم تر بنائیں گے. جاوید اقبال
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام جمعیة الاصلاح کویت کے مرکزی ہال میں کیا گیا ۔
اس پر وقار تقریب میں ہر مکتبہء فکر اور ہر عمر کے افراد نے بھر پور شرکت کی اور وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ۔ لوگوں کا جذبہ قابل دید تھا
سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کویت کی طرف سے عزت مآب سفیر محترم ملک محمد فاروق اور ان کے سینئر عملہ نے شرکت کی ۔
عزت مآب سفیر محترم ملک محمد فاروق نے پروگرام کو سراہا اور اسلامک ایجوکیشن کمیٹی یوتھ ونگ کی بہت خوبصورت الفاظ میں تعریف فرمائی۔ پروگرام میں گہری دلچسپی لی اور شرکاء کو خراج تحسین پیش کیا ۔
عزت مآب سفیر محترم ملک محمد فاروق نے سامعین اور حاضرین کو اس بات کی تاکید کی کہ نظریہ پاکستان کو نئی نسل کو سمجھانا ہماری ذمہ داری ہے ۔
عزت مآب سفیر محترم ملک محمد فاروق نے اس طرح کے اور بھی پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے صدر نوید پاشا صاحب نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر نوجوانوں کی بہتر رہنمائی کی جائے اور ان کو اپنی صلاحیتوں بروئے کار لانے کا موقع دیا جائے تو یہ نوجوان وطن عزیز کی تعمیر اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر جناب جاوید اقبال نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس گرم موسم میں اتنی بڑی تعداد میں اکٹھے ہو کر اپنی حب الوطنی کا اظہار کیا ۔ خواتیں کا اتنی بڑی تعداد میں آنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ یہ وطن آنے والی نسل کے ہاتھوں میں محفوظ ہے ۔
بچوں کی کارکردگی اور اساتذہ کی محنت کو بھی سنہری الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
یوتھ ونگ کے ٹیم ورک کو سراہا اور انکی کاوشوں کی تعریف کی۔
اپنے اختتامی اور کلیدی خطاب میں تحریک آزادی پاکستان پر روشنی ڈالی ۔ موجودہ حالات کا تذکرہ کیا اور ملک کی ترقی کے لئے اس بات پر زور دیا کہ آج پھر اسی جذبے اور ولولے کی ضرورت ہے، جس طرح حصول پاکستان کے لئے ہر طبقہ کے لوگوں نے کردار ادا کیا تھا۔
صدر صاحب نے اس بات پر زور دیا کہ جس طرح تحریک آزادی میں ہمارا نعرہ ہر زبان پر تھا “پاکستان کا مطلب کیا – لا اله الا الله” اسی طرح ہمیں مملکت خدا داد میں کلمہ والا نظام رائج کرنے کی بھر پور کوشش کرنا ہے۔
گذشتہ 75 سال سے ہم نے بہت تجربے کر لئے مگر کامیابی دور دور تک نظر نہ آئی ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے عہد کی پاسداری کریں ۔ اور اس وطن کو اس کی اساس کے نظام پر قائم کریں ۔ ہماری ساری کی ساری جدوجہد اللہ کے دین کو قائم کرنا ہے تاکہ لوگ اللہ کی برکات اور فیوض سے بہرہ مند ہو سکیں ۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے صدر نے اپنے پر جوش خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ہم تعمیر انسانیت اور اصلاح معاشرہ کے ذریعے اس وطن کو عظیم تر بنائیں گے، ان شاء الله۔
علامہ مولانا ملک محمد ارشاد صاحب نے ملک کی ترقی اور خوشحالی اور حاضرین کے لئے پر سوز الفاظ میں اللہ رب العزت کے حضور دعا فرمائی۔
تقریب کا اختتام پر تکلف عشائیہ سے ہوا۔ – طارق اقبال’ رپورٹ