سجل علی نئی سیریز میں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کا کردار ادا کریں گی

پاکستان کی باصلاحیت و مشہور اداکارہ سجل علی جَلد ہی ایک نئی سیریز میں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

نجی و سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سجل علی ایک ایسی سیریز میں کام کرنے جا رہی ہیں جس میں تقسیم ہند اور تاریخی شخصیت مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی۔

اس مذکورہ سیریز کے تین سیزن ہوں گے، سجل علی دوسرے سیزن میں نظر آئیں گی، پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن، جوانی اور قیام پاکستان سے قبل ہندوستان کے حالات بھی دکھائے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا جبکہ سیریز کی پہلی قسط رواں ماہ 14 اگست کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

محترمہ فاطمہ جناح اور تقسیمِ ہند سے متعلق اس سیریز کی کہانی کو دانیال افضل نے تحریر کیا ہے اور وہ خود ہی اس سیریز کے ہدایتکار بھی ہیں۔

سیریز کے تیسرے اور آخری سیزن میں پاکستان بننے اور فاطمہ جناح کی وفات تک کے مناظر دکھائے جائیں گے۔

انٹرنیٹ سینسیشنل دنانیر مبین بھی اس سیریز کا حصہ ہوں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سیریز کو ابتدائی طور پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے گا جبکہ ٹی وی چینل پر بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔