دورۂ نیدرلینڈز سے قبل قومی اسکواڈ پاکستان شاہینز سے پریکٹس میچز کھیلے گا

بابر اعظم کی قیادت میں اعلان کردہ قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ نیدرلینڈز روانگی سے قبل پاکستان شاہینز کے خلاف 2 پریکٹس میچز کھیلے گا۔

پچاس اوورز پر مشتمل یہ میچز 7 اور 10 اگست کو ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے جائیں گے، قومی اسکواڈ کا 7 روزہ تربیتی کیمپ 6 سے 11 اگست تک لاہور میں منعقد ہو گا۔

پاکستان شاہینز کی قیادت سعود شکیل کریں گے جبکہ نیدرلینڈز کے لیے اعلان کردہ قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل عبد اللّٰہ شفیق اور زاہد محمود ان میچز میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان شاہینز کے اعلان کردہ 12 کھلاڑی
سعود شکیل (کپتان)، حسیب اللّٰہ (وکٹ کیپر)، عبداللّٰہ شفیق، زاہد محمود، کامران غلام، عبدالواحد بنگلزئی، قاسم اکرم، میر حمزہ، عباس آفریدی، ارشد اقبال، ابرار احمد اور فیصل اکرم پاکستان شاہینز کا حصہ ہیں۔
پہلا موقع ہوگا کہ جب قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز آمنے سامنے آئیں گے تاہم یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، دونوں اسکواڈز کو مدمقابل لانے کا مقصد سیریز کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ پاکستان شاہینز میں شامل بیک اپ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔

قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 6 سے 11 اگست تک لاہور میں جاری رہے گا، فاسٹ بولر حارث رؤف 7 اگست جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پہلے پریکٹس میچ کے بعد لاہور میں قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کو جوائن کریں گے، اسکواڈ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب ایمسٹرڈیم روانہ ہو گا۔