برصغیر کے ممتاز روحانی پیشوا سید عبداللہ شاہ غازی کا 1289 واں تین روزہ عرس آج جمعرات سے شروع

کراچی  : برصغیر کے ممتاز روحانی پیشوا سید عبداللہ شاہ غازی کا 1289 واں تین روزہ عرس آج (جمعرات) سے شروع ہو رہاہے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل عرس کی تقریبات کا باضابطہ افتتاح جمعرات کریں گے۔ میئر کراچی نے عرس کے آخری روز 24اگست کو مقامی سطح پر تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ سید عبداللہ شاہ غازی کے 1289 واں عرس مبارک میں شرکت کیلئے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی کی انتظامیہ عرس کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں ۔پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے ،جو تین مختلف مراحل میں زائرین کی تلاشی لینے پر مامور ہیں۔ مزار کے دونوں اطراف ٹرانسپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے اور زائرئن کو پیدل مزار پر جانے کی اجازت ہو گی ، رات گئے مزار کو ہزاروں من عرق گلاب صندل اور کستوری سے غسل دیا گیا۔ اس تقریب میں زائرین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ زائرین رات بھر ذکر الہی اور درود پاک کا ورد کرتے رہے،اس موقع پر لنگر کا بھی وسیع انتظام تھا ، جمعرات کے روز محفل سماع کا آغاز بعد نماز عصر ہوا،  جس میں ملک بھر کے نامور قوال حضرات نے شرکت کی۔زائرین کی سہولت کیلئے دودھ شربت اور پانی کی سبیلیں بھی لگا دی گئیں۔جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔