کشمیر کا مسئلہ نہ صرف پاکستان کا ہے بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیر کو ایک متنازعہ اور قابل حل مسئلہ سمجھتی ہیں : پیر صاحب پگارا

کراچی : پاکستان مسلم لیگ فنکشنل، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ نہ صرف پاکستان کا ہے بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیر کو ایک متنازعہ اور قابل حل مسئلہ سمجھتی ہیں یہ بات انہوں نے کنگری ہاؤس پر فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم اور رابطہ سیکریٹری عبدالکریم شیخ سے ملاقات اور یوم سیاہ کے موقع پر ان کے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھتے ہوئے کہی۔ پیر صاحب پگارا نے کہا کہ ہندستان من مانی کرتے ہوئے کشمیری عوام کو محکوم نہیں بنا سکتا بنیادی انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیر میں غارت گری اور جبر کے خلاف آواز اٹھانی چاہیئے۔پیر صاحب پگارا نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ دنیا بھر میں زیادتیاں ہورہی ہیں اور ان کے بنیادی حقوق پامال کیے جارہیں ہیں لیکن بھارت کشمیر میں جو بربریت دکھا رہا ہے پوری انسانیت اس پر شرمندہ ہے۔پیر صاحب پگارا نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم وقت آنے پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پیر صاحب پگارا نے سردار عبدالرحیم اور عبدالکریم شیخ کے ذریعے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان اور سندھ بھر کے عوام کو بھارت کی یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے پر خراج تحسین پیش کیا اور اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماؤں کو خصوصی ہدایت کی کہ سندھ بھر میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی تنظیم سازی کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ ہم سیاسی طور پر بھی قومی معاملات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔




[embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=we9Cr2qXHxo[/embedyt]