فیصل قریشی نے لوڈشیڈنگ سے نجات کا طریقہ بتادیا

معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے حکومتِ پاکستان کو ہر گھر میں 5 سے 10 کلو واٹ کا سولر سسٹم دینے کی تجویز پیش کی ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری کی گئی اسٹوری میں فیصل قریشی نے اپنے دوست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوست کی طرف سے حکومت کو ایک تجویز ہے اگر ہر گھر کو 5 سے 10 کلو واٹ کا سولر سسٹم قسطوں پر لگا کر دے جس کا دورانیہ پانچ سال میں مکمل ہو تو ہر گھر سولر سسٹم لگا لے گا اور ملک سے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔
فیصل قریشی نے کہا کہ سولر سسٹم لگنے سے تیل پر چلنے والے 50 بجلی گھر فوراََ بند ہوجائیں گے جس سے اربوں ڈالرز کے تیل کی امپورٹ کا بل ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا اور معیشت بہتر ہو جائے گی۔

اداکار نے مزید کہا کہ اگر حکومت اس پر غور کرے تو ہم اپنے ملک کے حالات کو بہت بہتر کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، شدید گرمی میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہیں۔