شوبز ستاروں کا ’پیپلز بس سروس‘ سے متعلق خصوصی پیغام

شہرِ قائد میں آج سے شروع ہونے والی پیپلز بس سروس کے حوالے سے شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اداکار فیصل قریشی اور میکال ذوالفقار کے ویڈیو پیغامات شیئر کیے۔
فیصل قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’آج سے کراچی میں پیپلز بس سروس کا آغاز ہورہا ہے، اب خواری کے پیچھے نہ بھاگیں بلکہ پیپلز بس سروس سے جائیں‘۔

دوسری جانب اداکار میکال ذوالفقار نے کہا کہ ’پیپلز بس سروس کے آغاز سے کراچی والوں کے لیے اب سفر آسان اور آرام دہ ہوگا‘۔
اداکار نے اس سروس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ کراچی کے کُل 139 بس اسٹاپ پر پیپلز بس سروس چلے گی، منصوبے کے تحت ایک رُوٹ ماڈل کالونی ٹاور کا آج افتتاح کیا جارہا ہے جبکہ چھ دیگر روٹس کا افتتاح ہر 15 دن بعد کیا جائے گا۔