فٹ بال ورلڈکپ قطر فٹ بال ورلڈکپ کا جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، ٹکٹوں کی ریکارڈ فروخت

فیفا فٹ ورلڈکپ کا جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکٹوں کی خریداری کے لیے چار کروڑ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف آرگنائزر حسن التھوادی نے قطر اکنامک فورم میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کی ‘ریکارڈ توڑ’ فروخت ہوئی ہے، جہاں تقریباً 1.2 ملین ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ٹکٹوں کی آن لائن مراحل کے دوران تقریباً 40 ملین درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فٹ بال ورلڈکپ کے حوالے سے لوگ نہایت پُرجوش ہیں اور قبل از وقت ٹکٹیں خرید رہے ہیں تاکہ سنسنی خیز میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 20 لاکھ ٹکٹ فروخت کیے جائیں گے، مزید 10 لاکھ ٹکٹ عالمی ادارہ فیفا اور اسپانسرز کے لیے مختص کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ قطر کے دارالحکومت فٹ بال میلے کا میزبان ہے، جہاں 32 ٹیمیں ٹرافی کے حصول میں رواں سال نومبر دسمبر میں آمنے سامنے ہونگی۔