کرکٹر راشد خان نے زلزلے سے متاثرہ بچی کی کہانی شیئر کردی

افغانستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر راشد خان نے زلزلے سے متاثرہ بچی کی کہانی شیئر کردی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک چھوٹی بچی کی تصویر شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ یہ ننھی بچی اپنے خاندان کی واحد زندہ رکن ہے۔

راشد خان نے کہا کہ حکام اس کے خاندان کے کسی دوسرے فرد کو تلاش نہیں کر سکے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی مکانات زمین بوس ہو گئے ہیں، بہت سے لوگ ملبے تلے اور دور دراز علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان میں 6 اعشاریہ 1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں اب تک 1000 سے زائد افراد ہلاک اور 1500 زخمی ہوچکے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 6 اعشاریہ 1 شدت کا یہ زلزلہ خوست سے تقریباً 44 کلومیٹر (27 میل) کے فاصلے پر 51 کلو میٹر کی گہرائی میں آیا تھا۔