ٹیم 500 رنز کیسے بناسکتی ہے؟ بٹلر نے بتادیا

انگلش کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر جوز بٹلر نے کہا ہے کہ اُن کی ٹیم ون ڈے کرکٹ میں 500 رنز اسکور کرنے کی کوشش جاری رکھے گی۔
نیدرلینڈز کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں 70 گیندوں پر 162 رنز کی اننگز کھیلنے والے جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ دو رنز کی کمی سے انگلش ٹیم 500 کے ہندسے تک نہیں پہنچ سکی لیکن مستقبل میں یہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔

بٹلر کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل ٹارگٹ ہے لیکن اگر کسی میچ میں میدان تھوڑا چھوٹا اور پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہوئی تو 500 رنز بنانے کا مشن پورا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے نیدرلینڈز کے خلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں 3 بیٹرز کی سنچریوں کی مدد سے 4 وکٹ پر 498 رنز اسکور کیے جبکہ حریف کو 266 رنز پر آؤٹ کر کے میچ 232 رنز سے جیتا۔