پی سی بی بی او جی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہونے کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا اجلاس آئندہ ہفتے لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ سیزن کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی منظوری دی جائے گی، سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضے میں 30 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹرز کے لیے الگ الگ کیٹیگریز متعارف کرانے کا امکان ہے، سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں اور معاوضوں پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

‏ اجلاس میں پی سی بی کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری بھی دی جائے گی اور شرکاء کو پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن پر اپڈیٹ دی جائے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اپڈیٹ میں پاکستان جونیئر لیگ کے لیے ٹیموں کی فروخت اور غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت کے لئے دیگر بورڈز سے معاملات شامل ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ممکنہ ایونٹس سے متعلق معلومات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔