ٹام کروز اکیڈمی ایوارڈ کے حصول کیلئے پراُمید

ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کو فلم ’ٹاپ گن: ماوریک‘ میں شاندار اداکاری پر اکیڈمی ایوارڈ ملنے کی بہت زیادہ اُمید ہے۔

برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق، اداکارہ ہیلی ایٹ ویل کے ساتھ رشتے میں ناکامی کے بعد سے ٹام کروز کی تمام تر توجہ صرف اور صرف پروفیشنل لائف پر مرکوز ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹام کروز فلموں کو جدید دور کا شاہکار سمجھتے ہیں اور اداکار نے اپنے آپ کو فلمیں بنانے کے لیے وقف کردیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہیلی ایٹ ویل کے ساتھ ٹام کروز کے تعلقات بہت اچھے تھے، لیکن اداکار اپنے اس رشتے سے پیچھے اس لیے ہٹ گئے کیونکہ ان کے لیے فلمیں زیادہ اہم ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ٹام کروز کو مکمل یقین ہے کہ دنیا میں ان کے لیے کوئی نہ کوئی صحیح شخص ضرور موجود ہے لیکن سچ یہ ہے کہ ان کی ترجیح ہمیشہ ان کا کیریئر رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ باکس آفس پر ٹام کروز کی فلم’ٹاپ گن: ماوریک‘ کی زبردست کامیابی کے بعد ٹام کو کچھ سکون ملا ہے، جس کے لیے وہ کافی فکر مند تھے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹام کروز کو فلم ’ٹاپ گن: ماوریک‘ کی زبردست کامیابی کے بعد اس بات کی بھی امید ہے کہ آخر کار اب وہ آسکر ایوارڈ حاصل کرلیں گے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹام کروز کو اکیڈمی ایواڈز کے لیے 3 بار نامزد کیا گیا لیکن ابھی تک وہ ایک بھی آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔