دلیپ کمار کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے سائرہ بانو رو پڑیں

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کا بھارت رتن ڈاکٹر امبیڈکر ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اُن کی اہلیہ سائرہ بانو رو پڑیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کو ’بھارت رتن ڈاکٹر امبیڈکر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا اور ان کی جانب سے ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے یہ ایوارڈ وصول کیا۔

سائرہ بانو دلیپ کمار کی جانب سے ایوارڈ لینے کے لیے اسٹیج پر گئیں جہاں وہ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اپنے مرحوم شوہر کی یاد میں رو پڑیں۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ ’دلیپ صاحب بھارت کے لیے ’کوہِ نور‘ رہے ہیں، اس لیے ’کوہِ نور‘ کو یقینی طور پر بھارت رتن ملنا چاہیے‘۔

سائرہ بانو نے کہا کہ ’دلیپ کمار میری یادوں میں نہیں بلکہ میرے ساتھ ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ یہاں ہر قدم پر میرے ساتھ ہیں کیونکہ اس طرح میں اپنی زندگی گزار سکوں گی‘۔
اُنہوں نے کہا کہ میں کبھی نہیں سوچوں گی کہ وہ یہاں نہیں ہیں، وہ میرے پاس ہیں، ہمیشہ میرا سہارا بن کے رہیں گے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے تھے۔