کیا پاپ بینڈ ’بی ٹی ایس‘ ٹوٹ رہا ہے؟

کورین پاپ کے معروف بینڈ ’بی ٹی ایس‘ نے گزشتہ روز اپنے ڈیبیو کے نو سال مکمل ہونے کی خوشی میں سالانہ ڈنر کے موقع پر اپنے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتاتے ہوئے بطور بینڈ سرگرمیوں سے وقفہ لینے اور انفرادی پراجیکٹس پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کیا۔

بینڈ کے رکن آر ایم نے کہا کہ وہ بی ٹی ایس کے لیے مسلسل ریکارڈنگ اور پرفارمنس کے بجائے اپنے ذاتی کام پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے پاپ اور گلوکاری کا پورا نظام کچھ اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ اس کے باعث اپنے لیے کچھ کرنے کا وقت ہی نہیں ملتا، اس نظام میں رہتے ہوئے صرف موسیقی اور اسی سے جڑی سرگرمیاں کرتے ہی رہنا ہوتا ہے۔ کسی دوسرے پراجیکٹ کے لیے وقت نہیں ملتا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’بی ٹی ایس‘ کے اس اعلان کے بعد کے پاپ کے مداح گروپ کی جانب سے ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں بھی ٹوئٹر پر ہش ٹیگ ’آرمی فور ایور‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

تاہم بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹ پریس‘ کے مطابق جنوبی کورین انٹرٹینمنٹ کمپنی ’ہائب‘ (Hybe) نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’بی ٹی ایس اب بھی مشترکہ اور انفرادی طور پر پراجیکٹس پر کام کریں گے، البتہ اس وقت بینڈ کے رکن اپنے انفرادی کام کرنے پر زیادہ توجہ دیں گے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ‘بی ٹی ایس’ کا نیا البم ‘پروف’ ریلیز ہوا تھا جسے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بی ٹی اسی نے 2013 ء میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہیں نہ صرف جنوبی کوریا بلکہ پوری دنیا میں انہیں سنا اور پسند کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل 2019 اور 2021 میں بھی بینڈ نے مختصر وقت کے لیے انفرادی پراجیکٹس کو ترجیحی دی تھیں۔