قومی ترانے کیلئے روحیل حیات کے ساتھ 140 گلوکار ہم آواز

پاکستانی میوزِک انڈسٹری کے معروف موسیقار روحیل حیات کا کہنا ہےکہ قومی ترانے کو شاندار انداز میں پیش کرنے کے لیے ملک بھر سے گلوکاروں کو ہم آواز ہوتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

روحیل حیات نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اپنے جذبۂ حب الاوطنی کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’ میرے لیے کل یہ سب سے متاثر کن لمحہ تھا جب پاکستان بھر سے 140 گلوکاروں کا ایک پرجوش گروپ قومی ترانہ گانے کے لیے جمع ہوا‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اس طاقتور لمحے کو ناصرف دیکھا بلکہ اس اتحاد کو محسوس بھی کیا جس کا شاید کوئی بس خواب ہی دیکھ سکتا ہے‘۔

روحیل حیات نے قومی جذبے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ’یہ قوم ہر چیز پر قابو پا سکتی ہے اورمجھے یقین ہے کہ ایسا ہی کرے گی، پاکستان زندہ باد‘۔

خیال رہے کہ روحیل حیات مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر اپنے جذبۂ حب الوطنی کے لیے مشہور ہیں اور شائقین موسیقار کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے ترانے کو سننے کے لیے بے چین ہیں۔

اس جوشیلے انداز میں پیش کیے گئے ترانے کے لیے ہم آواز ہونے والے گلوکاروں میں عرفان علی تاج، رحیم خان، زوہیب زمان، رضوان عابدی اور ایم عرفان ملک اور دیگر شامل ہیں۔

روحیل حیات نے گلوکاروں کے انتخاب کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’تمام گلوکاروں نے مل کر قومی ترانہ پیش کرنے کے لیے باقاعدہ رسمی درخواست دی تھی جس کے بعد گلوکاروں میں سے 140 گلوکاروں کے ایک پورے گروپ کو منتخب کیا گیا جو کہ پاکستان کی مختلف کمیونٹیز کی نمائندگی کرتے ہیں۔