فالج کا شکار جسٹن بیبر کی طبیعت میں بہتری نظر آنے لگی ہے، سرجن

حال ہی میں فالج کا شکار ہونے والے کینیڈین پاپ سنگر جسٹن بیبر کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ گلوکار کی حالت میں بہتری نظر آرہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، جسٹن بیبر جوکہ ’رمسے ہنٹ سنڈروم‘ (ramsay hunt syndrome) کا شکار ہونے کی وجہ سے زیرِ علاج ہیں، اب گلوکار کی حالت میں صحتیابی کی ابتدائی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔

اس بیماری کے حوالے سے برطانوی کنسلٹنٹ پلاسٹک ری کنسٹرکٹیو سرجن چارلس ندوکا نے کہا کہ اس سنڈروم کے تقریباً 75 فیصد مریض جوکہ ابتداء میں علاج کروالیتے ہیں، بشمول اسٹیرائڈز اور اینٹی وائرل کے، وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو جاتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میں نے جسٹن بیبر کےجانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا کہ وہ صحتیابی کی ابتدائی علامات ظاہر کر رہے ہیں جوکہ ایک حوصلہ افزا بات ہے۔‘
اُنہوں نے کہاکہ’ چہرے کے فالج میں ایک سب سے واضح چیز یہ ہے کہ مریض پلک جھپکنے کے لیے اپنی آنکھ پوری طرح بند نہیں کر پاتے اور اُنہیں مسکرانے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔‘

سرجن چارلس ندوکا نے بتایا کہ ’علاج کے دوران مسکراہٹ ٹھیک ہونے سے پہلے، سب سے پہلی چیز جوکہ طبیعت میں بہتری کی علامت ہے وہ یہ ہے کہ چہرے کے دونوں اطراف میں ہم آہنگی بڑھے گی اور گلوکار کی جانب سے حال ہی میں شیئر کی گئی ویڈیو میں بہتری کی یہ علامت ظاہر ہورہی ہے۔‘