عدنان سمیع نے بیٹے کی اداکاری پر کیا ردّعمل دیا؟

گلوکار عدنان سمیع نے اپنے بیٹے اذان سمیع کے پہلے ڈرامہ سیریل ’عشقِ لا‘ میں بہترین اداکاری کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

گزشتہ دنوں اذان سمیع خان نے اپنے پہلے ڈرامہ سیریل ’عشقِ لا‘ کی کامیابی پر مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی تھی۔
اذان سمیع خان نے اپنے پیغام میں اپنے پرستاروں، ساتھی اداکاروں اور پروڈیوسر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا تھا۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اُن کا پہلا کردار تھا جسے وہ زندگی بھر یاد رکھیں گے کیونکہ اس کردار سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔
اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اُن تمام لوگوں کے مقروض ہیں جنہوں نے اُن کے کیریئر کے ابتدائی مرحلے میں اُن کی مدد کی۔

اس پوسٹ پر جہاں یمنیٰ زیدی اور ماہرہ خان نے کمنٹس کر کے اذان سمیع کی حوصلہ افزائی کی وہیں بھارت میں مقیم اُن کے والد عدنان سمیع بھی خاموش نہ رہ سکے۔

عدنان سمیع نے بیٹے کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاباش بچے! مجھے تم پر فخر ہے‘۔
گلوکار نے بیٹے کو دُعا اور مفید مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ آپ کو اونچی اُڑان دے لیکن ہمیشہ اپنے پاؤں زمین پر رکھنا‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’بچے! میں تم سے محبت کرتا ہوں‘۔

واضح رہے کہ اذان سمیع گلوکار عدنان سمیع اور زیبا بختیار کے بیٹے ہیں، زیبا بختیار اور عدنان سمیع 1993ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے تاہم 1997 میں کچھ وجوہات کی بنا پر دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔