جب پہلی بار محمد رضوان ویرات کوہلی سے ملے

قومی کرکٹ ٹیم نے 2021ء کے T20 ورلڈ کپ کے دوران بھارتی ٹیم کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی تھی، اس میچ میں محمد رضوان نے ناقابل شکست 79 رنز بنا کر قومی ٹیم کو 10 وکٹوں سے فتح دلائی تھی۔

بھارت سے فتح حاصل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے ہاتھ ملائے اور گلے ملے۔

محمد رضوان کے لیے یہ پہلا لمحہ تھا کہ وہ حریف ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے مل رہے تھے۔

محمد رضوان نے یوٹیوب کے ایک شو کے دوران ویرات کوہلی سے اپنی پہلی ملاقات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پہلی بار ویرات کوہلی سے مل رہا تھا، میں نے کھلاڑیوں سے سُن رکھا تھا کہ ویرات بہت غصے والا ہے، لیکن جس طرح وہ میچ سے پہلے اور بعد میں مجھ سے ملا، مجھے لگا کہ ہم ایک ہی خاندان کی طرح ہیں۔‘

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’ہم تمام کرکٹرز ایک خاندان ہیں، اگر میں ویرات کوہلی کو اپنا کہوں تو مجھے نہیں لگتا کہ میں کچھ غلط کہہ رہا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ظاہر سی بات ہے کہ جب ہم گراؤنڈ میں داخل ہوتے ہیں تو ہماری پہلی ترجیح ہماری اپنی ٹیم ہوتی ہے، ہمیں اپنی ٹیم کے لیے کھیلنا ہوتا ہے۔‘

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’میدان کے باہر جب ہم کوہلی اور ایم ایس دھونی سے ملے تو ہمیں بھارتی کھلاڑیوں سے بہت پیار ملا۔‘

واضح رہے کہ محمد رضوان کا شمار عالمی کرکٹ میں تیزی سے اُبھرنے والے ستاروں میں ہوتا ہے۔

وکٹ کیپر، بلے باز محمد رضوان گزشتہ چند برسوں کے دوران ہی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی ایک شناخت بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔