شان شاہد گستاخانہ بیان پر خاموش رہنے والے مسلمان بھارتی فنکاروں پر برہم

معروف پاکستانی اداکار شان شاہد کا کہنا ہے کہ کچھ اداکار اب بھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف خاموش ہیں۔

شان شاہد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بی جے پی کی جانب سے معطل کی گئی ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ بیان پر خاموش رہنے والے مسلمان بھارتی فنکاروں پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’بی جے پی کے خلاف کچھ اداکار اب بھی خاموش ہیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ’ یہ وہ لوگ ہیں جو کہتے تھے کہ فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ۔‘

اُنہوں نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ’بھائی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن شرم تو ہوتی ہے کہ وہ بھی بیچ دی ہے؟‘

شان شاہد نے اپیل کی کہ’ برائے مہربانی، ہمارے نبی ﷺ کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی مذمت کرنے کے لیے اپنی آواز اُٹھائیں۔‘

اُنہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں بھارتی فلم انڈسٹری پر گزشتہ 3 دہائیوں سے راج کرنے والے مسلمان بھارتی اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان، اور عامر خان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’بی جے پی کی جانب سے معطل کی گئی ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ بیان پر بھیڑوں کی خاموشی۔‘
واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔

دوسری جانب گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم بھی چل پڑی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم شروع ہوگئی ہے۔