سنیل دت کی سالگرہ، سنجے نے والد کو کیسے یاد کیا؟

نامور بھارتی اداکار سنجے دت اپنے والد اور سنہری دور کے اداکار سنیل دت کی سالگرہ پر انہیں یاد کرنے لگے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سنجے دت نے مشہورِ زمانہ فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کا اسکرین گریب شیئر کیا۔

بلاک بسٹر فلم کے اختتامی لمحات میں سنجے دت نے والد کو جذباتی انداز میں گلے لگایا تھا۔

واضح رہے کہ اس فلم میں سنیل دت اور سنجے دت نے باپ بیٹے کا کردار نبھایا تھا۔

انسٹاگرام پر فلم کے اس منظر کو شیئر کرتے ہوئے سنجے نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والد کو دیا۔

انہوں نے تحریر کیا کہ ’آپ کے یقین اور محبت نے مجھے وہ بنایا جو میں آج ہوں۔‘

سنجے دت نے لکھا کہ ’آپ ہمیشہ میرے ہیرو تھے، ہیں اور رہیں گے۔‘
خیال رہے کہ سنیل دت 6 جون 1929 کو تقسیم ہند سے قبل جہلم میں پیدا ہوئے تھے۔

انہوں نے فلم ’مدر انڈیا‘ سے لے کر ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ تک کئی نامور فلموں میں کام کیا جبکہ اپنی اداکاری کے باعث کئی ایوارڈز اور اعزازات حاصل کیے۔