رومانیہ کے گلوکار ایکسنٹ کس پاکستانی اداکارہ کیساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں؟

رومانیہ سے تعلق رکھنے والے گلوکار ایڈرین سینا عرف ایکسنٹ نے اداکار احسن خان اور اداکارہ عائشہ عمر کے ایک انٹرویو کے پرومو پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں احسن خان اور عائشہ عمر نےایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی ہے۔

اس شو میں عائشہ عمر نے گلوکار ایکسنٹ کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’میری ایکسنٹ سے بات چیت کا آغاز اس وقت ہوا جب انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں میرے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔‘

عائشہ عمر نے بتایا کہ’ ایکسنٹ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر وہ پاکستان میں کسی کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے تو وہ عائشہ عمر ہیں۔‘
ایکسنٹ نے اس انٹرویو کی ویڈیو پر کمنٹ سیکشن میں دل والے ایموجیز شیئر کرتے ہوئے اپنی پسندیدگی کا اظہار بھی کیاجس سے عائشہ عمر کی ان سے متعلق بات کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔

عائشہ عمر کی یہ بات سن کر احسن خان نے اپنی ساتھی اداکارہ کی بڑھتی شہرت پر خوشی کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ مشہور گانے’دیٹس مائی نیم‘ کے گلوکار ایڈرین سینا گزشتہ برس پاکستان کے شمالی علاقوں کے دورے پر بھی آئے تھے، اور پاکستان کے شمالی علاقوں کی قدرتی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوئے تھے۔