سپر اسٹور میں لگی آگ چوتھے روز بھی مکمل طور پر نہ بجھائی جاسکی


کراچی کی پندرہ منزلہ عمارت کے سپر اسٹور میں لگی آگ چوتھے روز بھی مکمل طور پر نہ بجھائی جاسکی۔

چوتھے دن بھی فائر بریگیڈ عملے کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔ نیوی اور رینجرز کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں شریک ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پہلی منزل پر رکھے سامان میں لگی آگ بجھانے کے لئے دیوار توڑ دی گئی ہے۔


سینئر فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ سپر اسٹور کا بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کلیئر ہے جبکہ میزنائن فلور کی آگ کنٹرول میں ہے، فلور کا جائزہ لیاہے۔

فائر آفیسر نے کہا کہ میزنائن فلور پر بڑی تعداد میں کپڑا موجود ہے، اس کو مشینری سے توڑا گیا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ آگ بجھانے کے لئے فوم استعمال کیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز واٹر بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کا کہنا تھا کہ اب تک 10 لاکھ گیلن سے زائد پانی فراہم کیا گیا ہے، آگ پر قابو پانے تک فائر بریگیڈ کو بلامعاوضہ پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔

دوسری جانب آتشزدگی کے واقعے کے بعد کمشنر کراچی نے متعلقہ افسران کو شہر بھر میں قائم شاپنگ مالز اور ہائی رائز بلڈنگز کی انسپیکشن کرنے کی ہدایت کردی ہے۔


سپر اسٹور کے گارمنٹس سیکشن میں دوبارہ آگ لگ گئی

واضح رہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے جبکہ امدادی کاموں میں مصروف کئی اہلکاروں کی حالت بھی غیر ہوگئی تھی
https://jang.com.pk/news/1094894
==========================================

لاہور کے بڑے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، فارمیسی جل کر خاکستر

لاہور کے معروف چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے، واقعے میں فارمیسی جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی

تفصیلات کے مطابق چلڈرن اسپتال کی تیسری منزل پر علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ تیسرے منزل پر لگی، اسپتال کا تیسرا فلور میڈیسن اسٹور کے طور پر استعمال ہو رہا تھا اسٹور میں کروڑوں روپے مالیت کی ادویات موجود تھیں جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی دوائیاں تباہ ہوگئیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی سات گاڑیاں جائے حادثے پر پہنچی اور آگ بھجانے کے عمل میں حصہ لیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اسنارکل بھی آگ بھجانے کے عمل میں مصروف عمل ہیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث مزید تین گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ تیزی سے پھیل رہی ہے شدید دھوئیں اور آگ کی شدت کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے، تمام مریض اور اسٹاف محفوظ ہے اور اپنے امور سرانجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا، وزیر اعلی حمزہ شہباز نےسیکرٹری صحت سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے،واقعہ کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
https://urdu.arynews.tv/0406-lahore-fire-erupts-children-hospital-medicine-store/
======================