علی ظفر کا جانی ڈیپ کی جیت پر ردّعمل

عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے ہالی ووڈ کے معروف اداکار جانی ڈیپ کی کامیابی پر ردّعمل دیا ہے۔

علی ظفر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ’میری حقیقی ہمدردی جانی ڈیپ کے ساتھ ہے کیونکہ وہ جس چیز سے گزرے ہیں، میں اس کا ایک فیصد ہی سمجھ سکتا ہوں۔‘
گلوکار نے کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی فیصلہ یا رقم جانی ڈیپ کو اُن کی زندگی کے 6 اہم سال واپس نہیں دے سکتی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’جو 6 سال مشکل میں گُزرے، اُس میں وہ فن تیار کرسکتے تھے جس سے وہ اپنے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لا سکتا تھا۔‘
واضح رہے کہ ہالی ووڈ اداکار جانی ڈیپ کو اپنی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کی جانب سے دائر کیے گئے ہتک عزت کے کیس میں فتح ہوئی۔

امریکی ریاست ورجینیا کی جیوری نے جانی ڈیپ کیس کا فیصلہ سنادیا جس کے مطابق جانی ڈیپ کو بہت بدنام کرنے پر سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ 15 ملین ڈالر جرمانہ دیں گی جبکہ ایمبر ہرڈ پر غلط الزام لگانے پر ڈیپ سابقہ بیوی کو 2 ملین ڈالر دیں گے۔