عمران خان کا بیان انتہائی تشویش ناک ہے، نظر انداز نہیں کیا جا سکتا:الطاف شکور

Ref No: 188/2022 Date: 02-06-2022

عمران خان کا بیان انتہائی تشویش ناک ہے، نظر انداز نہیں کیا جا سکتا:الطاف شکور
عمران خان خود کو نااہل حکمران کے بعد اب نااہل سیاستدان بھی ثابت کر رہے ہیں
ریاستی وسائل سے پارٹی سیاست کرنے کا سلسلہ ختم کئے جانے میں ہی پاکستان کی بقاء ہے
عمران خان کی بات پر غصہ کرنے والے نہ بھولیں کہ وہ انہی کے ووٹوں سے منتخب ہوتا آرہا ہے
عدلیہ کا ہنگامہ آرائی روکنے کیلئے انتظامی فیصلوں میں مداخلت کرنا سیاستدانوں کے لئے شرمناک ہے

کراچی ( ) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ عمران خان کے ملک کے ٹکڑے ہونے والے بیان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، یہ انتہائی تشویش ناک بات ہے۔ عمران خان خود کو نااہل حکمران کے بعد اب نااہل سیاستدان بھی ثابت کر رہے ہیں۔ پاکستانی کی بقاء کیلئے ضروری ہے کہ ریاستی وسائل سے پارٹی سیاست کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ عمران خان کی بات پر غصہ کرنے والے یہ نہ بھولیں کہ وہ انہی کے ووٹوں سے منتخب ہوتا آرہا ہے۔ جب منتخب حکومتوں کو زبردستی ہٹا کر مجرموں پر مشتمل مصنوعی حکومت بنائی جائے گی تو یہی صورت حال جنم لے گی۔عمران خان کو کارنر کیا گیا تو وہ زیادہ خطرناک ثابت ہوگا۔ یہ بھی بھٹو کی طرح وزیراعظم بننے کے لئے “ادھر تم ادھر ہم” کی حد تک جا سکتا ہے۔ ملک میں تخم کاری کے ذریعے نہیں بلکہ قدرتی طور پر سیاست دان پیدا ہوتے تو ملک کو اس صورتحال کا سامنا نہ کر نا پڑتا۔ہمارے سارے سیاست دان ڈولی ہیں۔ کلوننگ کے ذریعے پیدا ہوتے ہیں، اس لئے ان کا دماغ کام نہیں کر تا۔جب تک کرپشن کے سیلاب پر بند نہیں باندھا جائے گا اسٹیبلشمنٹ پارلیمنٹ پر حاوی رہے گی۔ مافیاز کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کرپشن, کرپشن اور کرپشن۔ پاکستان پر ہمیشہ مغرب نواز براؤن صاحب مسلط رہے ہیں۔ پچھتر سال کی خرمستیوں نے ملک کو اس حال تک پہنچایا ہے۔ آج بھی عام پاکستانی کیلئے ملک میں کچھ نہیں ہے۔ ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہنا ہو گا۔ عدلیہ کا ہنگامہ آرائی روکنے کیلئے انتظامی فیصلوں میں مداخلت کرنا سیاستدانوں کے لئے شرمناک ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں عمران خان کے فوج اورملک کے ٹکڑےٹکڑے ہونے کے بیان پرتشوش کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ ملک کے تین ٹکڑے ہونے کی بات کر کے عمران خان سیاسی طور پر نااہل ہو گئے ہیں، اب قانون کو حرکت میں آنا چاہئے۔ہندوستان نے آزادی کے وقت جتنا حصہ اپنے جسم سے علیحدہ کرنا تھا علیحدہ کر دیا۔ اب پچھتر سال بعد بھی آزادی کی انیس تحاریک کے باوجود ہندوستان یک جان ہے۔ اس کی صرف ایک وجہ ہے اور وہ یہ کہ وہاں مسلسل جمہوریت رہی ہے۔عمران خان کا سسٹم مغرب سے رابطہ میں رہتا ہے۔مغربی جمہوریت کیلئے مغربی اقدار بھی اپنانا ہو گی وہاں معمولی اسکینڈل پر سیاسی کیرئیر ختم ہو جاتا ہے۔ عمران خان کے بیان سے محب وطن پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ عمران خان اپنا بیان واپس لیں اور قوم سے معافی مانگیں #

جاری کردہ: پاسبان پریس انفارمیشن سیل
اعظم منہاس: چیئرمین پریس اینڈ انفارمیشن سیل0300-9204794
عزیز فاطمہ: میڈیاڈائریکٹر:0345-3399224،محمود خان تاجک:پریس سیکریٹری 0323-2002142
(یہ خبر آپ کو بذریعہ ای میل بھی ارسال کردی گئی ہے)